چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی عرب کا اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا

image

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مملکتِ سعودی عرب کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزاز ’’کنگ عبدالعزیز میڈل‘‘ سے نوازا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ اعزاز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی نمایاں عسکری خدمات، مثالی قیادت، دفاعی تعاون اور اسٹریٹجک ہم آہنگی کے اعتراف میں دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ اعزاز ادارہ جاتی روابط کے فروغ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کلیدی کردار کے اعتراف کی علامت ہے جبکہ علاقائی امن و استحکام، انسداد دہشت گردی اور سلامتی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اسٹریٹجک وژن کو سراہا اور پاکستان و سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے عزم کی تعریف کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اعزاز ملنے پر خادم الحرمین الشریفین اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط، پائیدار اور دیرینہ تعلقات کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ اعزاز پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے تعلقات اور مشترکہ اہداف کے لیے دونوں ممالک کے مضبوط عزم کی واضح عکاسی کرتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US