رواں برس کی آخری انسدادِ پولیو مہم ختم، ملک بھر میں 4 کروڑ 46 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے گئے

image

ملک بھر میں رواں سال کی آخری انسدادِ پولیو مہم اختتام پذیر ہوگئی، اس دوران 4 کروڑ 46 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم 15 تا 21 دسمبر تک جاری رہی، اس دوران پنجاب میں تقریباً 2 کروڑ 29 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔

سندھ میں تقریباً ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں، خیبر پختونخوا میں 71 لاکھ 57 ہزار سے زائد بچوں، بلوچستان میں 25 لاکھ 83 ہزار سے زائد بچوں، اسلام آباد میں 4 لاکھ 50 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے۔

گلگت بلتستان میں تقریباً 2 لاکھ 74 ہزار بچوں اور آزاد کشمیر میں 7 لاکھ 14 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔

حکام نے والدین، سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیو ورکرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں خدمات انجام دینے والے پولیو ورکرز اور سیکیورٹی اہلکار قوم کے حقیقی ہیروز ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US