امریکن کالج آف پیتھالوجسٹ نےپشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لیبارٹری کی ٹیسٹ رپورٹس معیاری قرار دے دیں

image

پشاور۔ 02 جنوری (اے پی پی):پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بین الاقوامی سطح پر ایک اور کامیابی حاصل کرلی۔ امریکن کالج آف پیتھالوجسٹ نے پی آئی سی لیبارٹری کی ٹیسٹ رپورٹس معیاری قرار دے دیں ۔

ترجمان پی آئی سی کے مطابق امریکن کالج نے 250 سے زائد خون اور دیگر ٹیسٹ کے نمونے پی آئی سی بھجوائے جن کی رپورٹس 100 فیصد درست اور انٹرنیشنل معیار کے مطابق قرار دی گئیں،لیب ٹیسٹ میں ہیماٹالوجی،کیمیکل پیتھالوجی،مائیکرو بیالوجی ،بلڈ بینک اور مریضوں کے بیڈ سائیڈ مشینوں کے نمونے شامل تھے۔ترجمان پی آئی سی کے مطابق امریکن کالج کی جانب سے نمونوں میں گردوں،جگر،ہیپٹائٹس ،کولیسٹرول،شوگر ،خون کی مختلف بیماریوں کی تشخیص کے ٹیسٹ بھی شامل تھے۔ہسپتال کی لیبارٹریز میں تمام ٹیسٹ کرنے کے بعد رپورٹس کالج کو واپس بھجوائی گئیں ،لیب میں مختلف جراثیم کی تشخیص اور علاج کے لیے استعمال ہونے والی ادویات کی بھی جانچ پڑتال کی گئی جو درست قرار دی گئیں۔

واضح رہے کہ پی آئی سی امریکن کالج آف پیتھالوجسٹ کے پروفیشنسی کوالٹی ٹیسٹنگ میں حصہ لینے والا خیبر پختونخوا کا پہلا سرکاری ہسپتال ہے۔ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر نعمت شاہ کا کہنا ہے کہ امریکن کالج آف پیتھالوجسٹ کی جانب سے پی آئی سی لیب کی رپورٹ منظور کرنا بڑی کامیابی ہے، پی آئی سی کا صوبے اور پاکستان بھر کے مریضوں کو عالمی معیار کے مطابق علاج فراہم کرنا ہمارا مشن ہے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی سی بین الاقوامی معیار کے مطابق علاج معالجہ فراہم کرنے پر پاکستان کا پہلا سرکاری آئی ایس او سرٹیفائیڈ ہسپتال کا اعزاز بھی حاصل کر چکا ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US