اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):وزارت خارجہ میں 4 سے 6 جنوری تک سفیروں کی تین روزہ کانفرنس کا انعقاد ہورہا ہے جس میں علاقائی نمائندوں کے ساتھ ساتھ اہم دارالحکومتوں سے پاکستان کے سفیروں کو مدعو کیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق کانفرنس کا آغاز وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کے افتتاحی خطاب سے ہوگا۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اہم خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کی دوطرفہ، علاقائی اور عالمی جہتوں پر غور و خوض اور سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔سفیروں کی کانفرنس علاقائی اور عالمی پیشرفت کے پیش نظر پاکستان کی خارجہ پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بحث کے لیے بلائی جاتی ہے۔