اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے یقین دلایا ہے کہ ڈیلی ویجرز ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ بدھ کو یہاں وزارت کی جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے یہ یقین دہانی ڈیلی ویجرز کے وفد سے ملاقات کے دوران کرائی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ نے 227 ڈیلی ویجرز کو ریگولر کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ڈیلی ویجرز نے ایف پی ایس سی کا ٹیسٹ پاس کیا ہے، لہذا انہیں ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق ریگولرائز کیا جائے گا جسے سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی برقرار رکھا ہے۔مدد علی سندھی نے کہا کہ اساتذہ قوموں کی تشکیل کرتے ہیں اور انہیں ہر طرح سے سہولت فراہم کی جانی چاہیے تاکہ وہ اپنا کام بخوبی انجام دے سکیں۔ انہوں نے سرکاری شعبے بالخصوص وفاقی دارالحکومت میں تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کے اپنے عزم کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ سکول سے باہر بچوں کی تعداد بھی اولین ترجیح ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام کوششیں کی جارہی ہیں کہ اس تعداد میں زبردست کمی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نازک مسائل ہیں جنہیں سب سے زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے۔