وفاقی سیکرٹری برائے ہوا بازی سیف انجم سے ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبد اللہ کی ملاقات

image

اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری برائے ہوا بازی سیف انجم سے پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبد اللہ نےملاقات کی اور ایوی ایشن سیکٹر میں پاکستان کے ساتھ مستقبل میں تعاون کے ممکنہ شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

ایتھوپیا کے سفارتخانہ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے ہوا بازی کے شعبہ میں علم کے تبادلے اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے دو طرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سفیر جمال بیکر عبد اللہ نے کراچی میں ایتھوپیئن ایئرلائنز کے آپریشنز کے آغاز پر حکومت پاکستان کی جانب سے دی جانے والی سہولت پر اظہار تشکر کیا۔

سفیر جمال بیکر عبد اللہ نے سیکرٹری ہوا بازی کو ایتھوپیا کی ائیر لائنز کی جانب سے پاکستان کی ”لک افریقہ اور انگیج افریقہ“ پالیسیوں کے موثر نفاذ میں اہم کردار کے بارے میں آگاہ کیا جن کا مقصد پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے ساتھ ساتھ حکومتی، عوام سے عوام اور کاروبار کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام میں ایتھوپین ایئر لائنز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت پر بھی روشنی ڈالی جو دنیا کی بڑی ایئرلائنز میں سے ایک ہے اور اس کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات کو سراہا جارہا ہے۔

وفاقی سیکرٹری برائے ہوا بازی سیف انجم نے افریقہ کو پاکستان کے قریب لانے میں ایتھوپیئن ایئرلائنز کے اہم کردار کا اعتراف کیا اور سفیر کو ایوی ایشن کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے میں اپنے ادارے کی حمایت کا یقین دلایا۔\


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US