دوحہ ۔20مارچ (اے پی پی):قطرکی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ وہ غزہ جنگ بندی کے حوالے سے جاری مذاکرات کے بارے میں محتاط طور پرپر امید ہیں ۔ العربیہ کے مطا بق ماجد الانصاری نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مذاکرات میں کسی پیش رفت کے بارے میں بات کرنا ابھی قبل از وقت ہے، یہ نہیں کہا جا سکتا کہ جلد کوئی معاہدہ طے پا جائے گا لیکن محتاط امید موجود ہے،ہم کسی کامیابی کا اعلان نہیں کر سکتے لیکن ہمیں امید کا دامن تھامے ہوئے ہیں،تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ اجلاسوں میں مذاکرات ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے اور معمول کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے،شریک فریق سخت محنت کر رہے ہیں۔ترجمان نے متنبہ کیا کہ جنوبی غزہ میں رفح پر کوئی بھی حملہ کسی سمجھوتے تک پہنچنے کے امکان کو منفی طور پر متاثر کرے گا، اس طرح کے حملے سے صورتحال مزید خراب ہوجائے گی اور رفح میں کسی بھی قسم کی کارروائی کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی قسم کی جنگی حکمت عملی سے جواز نہیں بنایا جا سکتا۔