دبئی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ شدید بارش اور خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر حکام نے ورک فرام ہوم پالیسی نافذ کر دی ہے جبکہ پرائیویٹ سیکٹر کو بھی ریموٹ ورک اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق صرف انتہائی ضروری عملہ ہی دفاتر میں حاضری دے گا۔
محکمہ موسمیات نے دبئی اور ابو ظبی کے لیے شدید موسم کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ خراب موسم کے باعث دبئی کے معروف تفریحی مقامات گلوبل ولیج اور عین دبئی کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ اسکائی ڈائیو کی تمام سرگرمیاں بھی معطل کر دی گئی ہیں۔
تیز بارش اور خراب موسم کے باعث فضائی آپریشن بھی متاثر ہوا ہے۔ دبئی ائیرپورٹ پر آنے اور جانے والی متعدد پروازیں منسوخ جبکہ کئی تاخیر کا شکار ہیں۔
دبئی پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ دبئی ائیرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو ممکنہ تاخیر کے پیش نظر وقت سے پہلے ائیرپورٹ پہنچنے کا مشورہ دیا ہے۔حکام کے مطابق دبئی میں موسم جمعے کی رات سے بتدریج بہتر ہونے کی توقع ہے۔