سیئول۔20مارچ (اے پی پی):شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے ہائپرسونک میزائل انجن ٹیسٹ کا مشاہدہ کیا ہے۔کورین خبررساں ادار ے (کے سی این اے)کے مطابق کم جونگ ان نے نئی قسم کے درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے ہائپرسونک میزائل کے ٹھوس ایندھن کے انجن کے کامیاب تجربے کی نگرانی کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ تجربہ منگل کو شمالی کوریا کی میزائل انتظامیہ نے ملک کے شمال مغرب میں واقع ایک سیٹلائٹ لانچنگ گراؤنڈ میں کیا تھا۔کے سی این اے نے مزید کہا کہ نئے قسم کے درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے ہائپرسونک میزائل کے لیے ٹھوس ایندھن کے انجن کا زمینی جیٹ سٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے۔کم جونگ ان نے اس موقع پر کہا کہ اس تجربے سے نئے میزائل سسٹم کی مقررہ مدت پر تکمیل کی بھی تصدیق ہو گئی ہے۔