دنیا میں کوئی بھی بڑا واقعہ یا حادثہ رونما ہونے کے بعد اُس سے متعلق سازشی
تھیوریاں یا افواہیں پھیلنا عام سی بات ہے۔
گزشتہ روز سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ناکام قاتلانہ حملے سے متعلق خبریں اس وقت
دنیا بھرکے میڈیا میں زیر بحث ہیں۔
ہنگامہ ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق اسی دوران سوشل میڈیا پر مشہور امریکی
اینیمیٹڈ سیریز 'دی سمپسنز' کی کچھ تصاویر وائرل ہوگئی ہیں جنہیں دیکھ کر صارفین یہ
سوال کرنے پر مجبور ہوگئے کہ کیا دی سمپسنز نے ٹرمپ پر حملے کی پیش گوئی بھی کی تھی؟
اِن تصاویر میں ٹرمپ کی مشابہت والے کارٹون کردار کو دکھایا گیا ہے جس میں اسے ڈائس
پر تقریر کرتے ہوئے اور پھر کسی حادثے کے بعد کا منظر دکھایا گیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہےکہ یہ دی سمپسنز کی کسی قسط کے مناظر ہیں جن میں ٹرمپ
پر حملے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ یہ محض ایک من گھڑت دعویٰ ہے جس کا حقیقیت سے کوئی تعلق نہیں ہے،
سمپسنز کارٹون میں ایسی کوئی پیشگوئی نہیں کی گئی تھی۔
خبررساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ اینی میٹڈ سیریز کے ایک ایگزیکٹیو
پروڈیوسر میٹ سیلمین نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر جعلی ہیں، ایسے مناظر
شو میں کبھی نہیں دکھائے گئے، اس طرح کی تصاویر 2017 سے سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
میٹ سیلمین نے ایک ای میل کے جواب میں بتایا کہ دی سمپسنز کارٹون میں ڈونالڈ ٹرمپ
کی تابوت میں لیٹے ہوئے تصویر کبھی نہیں دکھائی گئی، سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر
جعلی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے کہ ٹرمپ سے متعلق ایسے کوئی
مناظر سمپسن کارٹون کی کسی قسط میں دکھائے گئے تھے۔
یاد رہے کہ ٹرمپ پر فائرنگ کا واقعہ گزشتہ روز اُس وقت پیش آیا جب وہ پنسلوینیا کے
علاقے بٹلر میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کیلئے اسٹیج پر موجود تھے۔
انتخابی ریلی کے دوران ہونے والے اِس حملے میں ڈونلڈ ٹرمپ زخمی ہوئے تاہم خوش قسمتی
سے گولی ان کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی اور ان کی جان محفوظ رہی۔
ٹرمپ پر گولی چلانے والے شخص کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا گیا جس کی شناخت ہوچکی ہے،
ناکام قاتلانہ حملے اور حملہ آور کے بارے میں مزید تفصیلات منظر عام پر آنے کا
سلسلہ جاری ہے۔