کراچی: شہر قائد میں شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں یوم عاشورہ کے موقع پر جلوس میں متعدد عزاداروں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایم اے جناح روڈ پر قائم طبی کیمپ میں 400 کے قریب عزاداروں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
سول اسپتال کراچی کی جانب سے این جے وی اسکول کے باہر قائم طبی کیمپ میں 400 کے قریب ہیٹ ویو سے متاثرہ شہری پہنچے۔ تمام عزاداروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
سول اسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں صرف 22 شہری گرمی کی شدت سے متاثر ہو کر پہنچے۔ متاثرین میں سے 2 شہری اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔
دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی میں یوم عاشور کے موقع پر بہت شدید گرمی پڑی۔ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی پر پابندی کے اعلان پر ن لیگ کے اپنے رہنما بھی حیران ہیں، فواد چودھری
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا ایسی صورتحال ان لوگوں کے لیے تھوڑی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے جو دیر تک کھلے آسمان تلے کام کر رہے ہیں۔ کراچی کے جنوب مشرق میں ہوا کا دباؤ بنا ہوا ہے جس کی وجہ سے سمندری ہوائیں مسلسل بند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جعمرات کی شام کے بعد سے سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
کراچی میں بدھ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد تھا۔