رمضان پیکج کی امدادی رقوم کی فراہمی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کرنے کی ہدایت

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی حکومت کے گزشتہ رمضان پیکج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن اور آئندہ رمضان کے لیے مجوزہ پیکج پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو گزشتہ سال کے رمضان پیکج کی شفافیت اور کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ عالمی شہرت یافتہ اور مستند آڈٹ فرم کی جانب سے کی گئی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن میں رمضان پیکج کو مؤثر اور شفاف قرار دیا گیا ہے اور کسی قسم کی مالی بدعنوانی یا سنگین انتظامی بدنظمی کی نشاندہی نہیں ہوئی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے غریب عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیائے خور ونوش کی فراہمی کے لیے ایک شفاف اور مؤثر نظام متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے جاری مالی بے ضابطگیوں، بدنظمی اور غریبوں کے استحصال کے نظام کو حکومت نے شفاف نظام میں تبدیل کر دیا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ رمضان کے لیے گزشتہ سال سے بھی زیادہ مؤثر اور سود مند پیکج ترتیب دیا جائے اور اس ضمن میں تمام متعلقہ ادارے جامع سفارشات جلد پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور سفید پوش عوام کی مالی معاونت اور سماجی آسودگی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

وزیراعظم نے خصوصی ہدایت جاری کی کہ رمضان پیکج کی امدادی رقوم کی فراہمی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جائے تاکہ مستحق افراد کی عزتِ نفس مجروح نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ذریعے امداد کی فراہمی کیش لیس معیشت کے فروغ میں بھی اہم سنگ میل ثابت ہوگی، جبکہ اس عمل میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی شمولیت سے ڈیجیٹل نظام کو مزید تقویت ملے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سوشل پروٹیکشن والٹ نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت مستحق افراد کو مفت سمز فراہم کی جا رہی ہیں اور مارچ 2026 سے تمام امدادی رقوم انہی سمز کے ذریعے ڈیجیٹلی تقسیم کی جائیں گی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ امدادی رقوم میں زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے اور مؤثر نگرانی کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ اور منظم مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر تخفیف غربت سید عمران احمد شاہ، وفاقی وزیر قومی تحفظ خوراک رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، چیئرمین نادرا، چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US