لکی مروت میں مسجد پر حملہ، پاکستان فوج کے کیڈٹ جان سے گئے

image
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں نماز مغرب کے دوران ایک مسجد پر عسکریت پسندوں نے حملہ کیا جس میں پاکستان فوج کے کیڈٹ جان کی بازی ہار گئے۔

جمعے کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کیڈٹ عارف اللہ بھی اسی مسجد میں نماز ادا کرنے کے لیے وہاں موجود تھے۔

عارف اللہ پاکستان ملٹری اکیڈمی، کاکول میں زیرِتربیت تھے اور اپنے آبائی شہر چھٹی پر آئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ’خوارج نے جیسے ہی فائرنگ شروع کی تو انہوں نے فوراً جواب دیا اور خوارج کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ تاہم 19 سالہ کیڈٹ عارف اللہ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور کئی بے گناہ نمازیوں کی جانیں بچائیں۔‘

’مسجد میں نماز کی حالت میں نمازیوں پر حملہ کرنے کا ایسا گھناؤنا اور بزدلانہ فعل ان عسکریت پسندوں کے حقیقی نظریے کی عکاسی کرتا ہے۔‘

مزید کہا گیا کہ ’ایک نوجوان کیڈٹ کا بہادرانہ عمل ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کے جذبہ قربانی اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے اور ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔‘

جی سی عارف اللہ نے سوگواران میں والدین ،چار بھائی اور چار بہنیں چھوڑی ہیں۔ عارف اللہ کے بڑے بھائی بھی پاکستان فوج میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کیڈٹ عارف اللہ نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور دوسروں کو بچانے کے لیے اپنی جان قربان کردی، قوم کو ایسے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow