جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

image

جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں جسٹس یحییٰ آفریدی نے 30ویں چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھایا۔

  صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی سے عہدے کا حلف لیا۔

صدر کی منظوری کے بعد بدھ کو جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ قاضی فائز عیسٰی بطورِ چیف جسٹس 13 ماہ ذمہ داریاں سرانجام دینے کے بعد جمعے کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے۔

ایوانِ صدر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ’صدرِ پاکستان نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی 26 اکتوبر سے تین سال کے لیے کی ہے۔ یہ تعیناتی آئین کے آرٹیکل 175 اے (3)، 177 اور 179 کے تحت کی گئی ہے۔‘

منگل کو چیف جسٹس آف پاکستان کی تعیناتی کے لیے قائم پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو ملک کا نیا چیف جسٹس نامزد کیا تھا۔

منگل کو کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا تھا جس میں سپریم کورٹ کے تین سینیئر ترین ججوں کے نام اور ان کے کوائف پر غور کیا گیا تھا۔

وزارت قانون نے جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحییٰ آفریدی کے بارے میں تفصیلات کمیٹی کو بھجوائی تھیں۔ کمیٹی نے دو تہائی اکثریت سے جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کیا۔

خیال رہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کی روشنی میں حکومت چیف جسٹس کی مدت ملازمت ختم ہونے کے تین دن پہلے نئے چیف جسٹس کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی پابند ہے۔ تین دنوں کی شرط صرف اب کے لیے ہے جبکہ مستقبل میں یہ تعیناتی پندرہ روز قبل عمل میں لانا لازمی ہے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کون ہیں؟

ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے جسٹس یحییٰ آفریدی ایچی سن کالج اور کیمرج کے فارغ التحصیل ہیں۔ 1990 میں وکالت کا آغاز کرنے والے جسٹس یحییٰ آفریدی خیبرپختونخوا کے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل بھی رہے اور جسٹس منصور علی شاہ کی لا فرم کے پارٹنر بھی تھے۔

سال 2010 میں انہیں پشاور ہائی کورٹ کا جج لگایا گیا۔ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق وہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے پہلے جج تھے جو پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بنے۔ تاہم 2018 میں انہیں سپریم کورٹ کا جج بنا دیا گیا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow