موجودہ دور کو بجا طور پر انٹرنیٹ کی صدی کہا جا سکتا ہے، جس نے انسانوں کو محض ایک کلک پر دنیا کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک رسائی دی ہے۔ یہ ٹیکنالوجی نہ صرف ہماری زندگیوں کو آسان بناتی ہے بلکہ روزمرہ کی ضروریات کو ہمارے ہاتھ کی ہتھیلی پر لے آتی ہے۔
وقت کے حوالے سے ایک پرانی کہاوت ہے کہ یہ دنیا کی سب سے قیمتی شے ہے۔ سرمایہ اور طاقت بھی وقت کے مقابلے میں بے بس ہوجاتے ہیں، خاص کر جب فیصلہ کرنے میں تاخیر نقصان کا باعث بنے۔ ڈیجیٹل دور نے اس تصور کو مزید پختہ کر دیا ہے۔ جہاں ہر لمحہ قیمتی ہوتا جا رہا ہے، وہیں سہولت اور تیز تر خدمات کی طلب بھی بڑھتی جا رہی ہے۔
اسی تسلسل میں سندھ پولیس نے شہریوں کے لیے جدید سہولتوں کو فروغ دینے کے اقدامات کیے ہیں۔ 28 ستمبر 2024 کو کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں ایک اہم تقریب منعقد ہوئی، جس میں آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت کا آغاز کیا گیا۔ اس تقریب میں صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار، آئی جی سندھ غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو، اور دیگر اعلیٰ افسران کی موجودگی اس اقدام کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔
ماضی میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا روایتی طریقہ شہریوں کے لیے وقت طلب اور محنت طلب تھا۔ کراچی جیسے مصروف شہر میں طویل قطاروں اور دستاویزی مراحل سے گزرنا ایک کٹھن عمل تھا۔ اب آن لائن سہولت نے شہریوں کو اس جھنجھٹ سے آزاد کر دیا ہے۔ اس کا سہرا آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی ٹریفک لائسنس اینڈ ٹریننگ سندھ اقبال دارا کو جاتا ہے۔
اب شہری صرف چند کلکس کے ذریعے اپنے موبائل فون یا لیپ ٹاپ پر "لرنر ڈرائیونگ لائسنس" حاصل کر سکتے ہیں اور بین الاقوامی لائسنس کی تجدید بھی گھر بیٹھے ممکن ہوگئی ہے۔ چار نومبر سے نان کمرشل مستقل لائسنس کی آن لائن تجدید کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
یہ اقدامات وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ شفافیت کو فروغ دینے اور بدعنوانی کے خاتمے کا سبب بن رہے ہیں۔ سندھ پولیس نے شہریوں کے لیے ایک موبائل ایپ اور ویب سائٹ متعارف کروائی ہے، جسے اب تک ہزاروں شہریوں نے استعمال کیا ہے۔ اس ایپ کو صارف دوست بنایا گیا ہے تاکہ ہر اہل فرد اپنی درخواست با آسانی مکمل کر سکے۔
تربیتی لائسنس کی میعاد ختم ہونے کے بعد، امیدوار مستقل لائسنس کے اہل بن جاتے ہیں۔ یہ اقدام شہریوں کو برانچز پر جانے کی پریشانی سے بچاتا ہے، جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی لائسنس کی تجدید اب آسان ہو گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، سندھ پولیس نے لاکھوں لائسنس جاری کیے ہیں۔ یہ سہولت کراچی اور حیدرآباد جیسے شہروں میں بھی بھرپور طریقے سے دستیاب ہے، جو نہ صرف شہریوں کے لیے سہولت کا باعث بنے گی بلکہ ٹریفک کے نظام میں بہتری بھی لائے گی۔
شہریوں کو چاہیے کہ اس جدید سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور ٹریفک قوانین پر عمل پیرا ہو کر معاشرتی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔