ہلکا سا دیسی گھی گرم کریں اور۔۔ فضیلہ قیصر نے چھوٹے بچوں کو موسمی بیماریوں سے بچانے کے آزمودہ ٹوٹکے بتا دیے

image

مائیں ہمیشہ اپنے بچوں کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے بہترین غذاؤں کا انتخاب کرتی ہیں اور انہیں بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے روایتی اور آزمودہ نسخے استعمال کرتی ہیں۔ اسی سلسلے میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے شو "گڈ مارننگ پاکستان" میں مشہور اداکاراؤں نے اپنی آزمودہ صحت مند تجاویز شیئر کیں، جنہوں نے ان کے بچوں کو توانا اور تندرست رکھنے میں مدد دی۔

اداکارہ کرن خان نے اپنے بچپن کا ایک دلچسپ قصہ سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی نانی انہیں قبض سے بچانے کے لیے دو تین منقّے کھلاتی تھیں۔ کوئی بھی دوا کھلانے سے پہلے منقّے کی گھٹلی نکال کر اس کے اندر دوا رکھ کر کھلاتی تھیں تاکہ بچے اسے با آسانی کھا لیں۔

اداکارہ فضیلہ قیصر نے نزلہ زکام اور جلدی ریشز کا بہترین علاج بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ دیسی گھی بچوں کے لیے اکسیر ہے۔ ناک بند ہونے کی صورت میں دیسی گھی کو ہلکا سا گرم کرکے دو قطرے بچوں کی ناک میں ڈالنے سے فوری آرام ملتا ہے۔ اسی طرح پیمپر کے باعث جلد پر پڑنے والی خراشوں کے لیے کریم کے بجائے تھوڑا سا دیسی گھی لگائیں اور پھر پیمپر پہنائیں، ریشز ختم ہوجائیں گے اور جلد بھی نرم و ملائم رہے گی۔

اداکارہ غزل صدیق نے سردیوں میں بچوں کو نزلہ زکام سے بچانے کے لیے ایک خاص گھریلو نسخہ بتایا۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی بائیوٹک ادویات کے بجائے ایک چوتھائی چمچ ادرک پاؤڈر کو خالص شہد کے ساتھ مکس کرکے بچوں کو معجون کی طرح چٹانا بہت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ یہ نہ صرف قوت مدافعت کو بڑھاتا ہے بلکہ بچوں کو موسمی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US