کراچی کے باسیوں کے لیے خوشخبری! محکمہ موسمیات نے سرد موسم کے آغاز کا عندیہ دے دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مغربی ہوائیں بلوچستان اور ملک کے بالائی حصوں میں اپنا اثر دکھا رہی ہیں، جو 2 دسمبر تک جاری رہیں گی۔ اس کے بعد 4 دسمبر سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے، جو کراچی والوں کو بھی ٹھنڈ کے حسین جھونکوں سے محظوظ کرے گی۔
بلوچستان کی یخ بستہ ہوائیں شہر قائد کا موسم خوشگوار سے خنک بنانے کے لیے تیار ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 4 دسمبر کے بعد کراچی میں رات کے اوقات میں پارہ 16 سے 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق رواں نومبر کا موسم معمول سے زیادہ گرم رہا، لیکن اب ٹھنڈی ہوائیں اس گرم ماحول کو ختم کرکے خوشگوار سردی لانے والی ہیں۔ اگرچہ کراچی میں عام طور پر سرد موسم کا آغاز 15 دسمبر کے بعد ہوتا ہے، مگر اس سال دسمبر کے پہلے ہفتے سے ہی سردی کا احساس ہونے لگے گا۔