زخمی آئی بیکس کو بچانے والا گلگت کا شہری، ’کئی کلومیٹر پیدل سفر کیا‘

image

گلگت بلتستان کے علاقے گوجال کے شہری نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر زخمی آئی بیکس کو بحفاظت خنجراب ویلج آرگنائزیشن کے حوالے کر دیا ہے۔

یہ واقعہ گوجال اورگاچ کے علاقے میں گزشتہ روز پیش آیا جس حاکم علی مورکھن نامی ایک پہاڑی سے گزر رہے تھے۔

حاکم علی نے وہاں ایک زخمی جانور دیکھا جس کے بارے غالب یہی تھا کہ وہ پہاڑ کی چوٹی سے گرا ہے۔

حاکم علی نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے گہری کھائی میں اتر کر زخمی جانور کو کو باہر نکالا۔

حاکم علی کے بھائی سجاد نے اردو نیوز کو بتایا کہ اورگاچ نامی مقام پر یہ واقعہ پیش آیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ’حاکم علی نے بہت مشکل سے جانور کو قابو کیا کیونکہ زخمی ہونے کے بعد آئی بیکس کافی خوفزدہ تھا۔ انہوں نے آئی بیکس کو ایک رسی سے باندھ کر کئی کلومیٹر تک سفر پیدل طے کیا اور پہاڑوں سے ہو کر جانور کو مقامی گاؤں میں پہنچایا۔‘

سجاد کا مزید کہنا تھا کہ حاکم علی کے اس مثالی اقدام پر پورے گاؤں کو فخر ہے کیونکہ انہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر قیمتی جانور کو ریسکیو کیا۔

گوجال گاؤں کے رہائشی ناصر علی کے مطابق ’حاکم علی نے خون جما دینے والی سردی میں زخمی جانور کو لے کر دریا کا پانی عبور کیا۔ انہوں نے جو کارنامہ سرانجام دیا ہے اس پر ان کو وائلڈ لائف کی جانب سے انعام ملنا چاہیے۔‘

 شہری نے بتایا کہ ’یہاں غیرقانونی شکار بھی ہوتا ہے۔ اگر حاکم علی چاہتے تو قیمی جانور کو مار کر اس کا گوشت گھر لے جاتے مگر انہوں نے خود کو جنگلی حیات کا محافظ ثابت کیا۔‘

محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ اونچائی سے گرنے کے باعث آئی بیکس کی پچھلی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ چکی ہے جس کو علاج کے لیے گلگت منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق آئی بیکس کی حالت نازک ہے تاہم جنگلی حیات کے ماہرین جانور کا علاج معالجہ کر رہے ہیں۔

’شہری نے جانور کی جان بچا کر جنگلی حیات کے تحفظ کی مثال قائم کی ہے جو دوسروں کے لیے قابلِ تقلید ہے۔‘

آئی بیکس ایک قیمتی جانور ہے جس کے شکار کے لیے باقاعدہ محکمہ جنگلی حیات سے اجازت لینا لازم ہے۔

آئی بیکس کے قانونی شکار کے لیے لاکھوں روپے کی بولی لگا کر پرمٹ حاصل کیا جاتا ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow