1 لاکھ کا بجلی کا بل آیا ہے۔۔ کنگنا رناوٹ کے شور مچانے پر متعلقہ افسر نے کیسے آئینہ دکھا دیا؟

image

"کنگنا رناوت کا بجلی کا بل 1 لاکھ نہیں بلکہ 91,000 سے زائد تھا، جو ایک ماہ کا نہیں بلکہ پرانے بقایا جات سمیت کئی بلنگ سائیکلز پر مشتمل ہے۔" یہ وضاحت ہماچل پردیش اسٹیٹ الیکٹرسٹی بورڈ لمیٹڈ (HPSEBL) کے منیجنگ ڈائریکٹر سندیپ کمار نے اس تنازعے پر دی، جو اداکارہ کنگنا رناوت کے بجلی کے بل سے متعلق کھڑا ہوا تھا۔ کنگنا، جو منڈی پارلیمانی حلقہ سے رکن پارلیمنٹ بھی ہیں، نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں 1 لاکھ روپے کا بجلی کا بل موصول ہوا، جس پر سوشل میڈیا پر خوب بحث شروع ہوگئی۔

سندیپ کمار نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ بل دراصل صرف ایک مہینے کا نہیں تھا بلکہ اس میں پچھلے مہینوں کے بقایا جات بھی شامل تھے۔ انہوں نے بتایا کہ نومبر اور دسمبر کے بل اداکارہ نے جنوری میں جمع کروائے تھے، جبکہ جنوری، فروری اور مارچ کے 20 دنوں کے بل کی ادائیگی ابھی باقی تھی۔ اگر یہ ادائیگیاں وقت پر کی جاتیں تو بل اتنا زیادہ نہ ہوتا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کنگنا کے بجلی کنکشن کا لوڈ 94 کلوواٹ ہے، جو کہ ایک عام گھریلو کنکشن کے مقابلے میں 1500 فیصد زیادہ ہے۔ صرف مارچ کے مہینے میں اداکارہ نے 9000 یونٹ بجلی استعمال کی، جو کہ کسی بھی اوسط صارف کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔ اسی وجہ سے بل کی رقم زیادہ آئی۔

سندیپ کمار نے مزید کہا کہ کنگنا کے بجلی کے بل پر 700 روپے کی سبسڈی بھی دی گئی تھی، جو کہ مقررہ قواعد کے مطابق ہے۔ تاہم، حیران کن بات یہ ہے کہ کنگنا یا ان کے کسی نمائندے نے بجلی کے بل کے حوالے سے براہ راست بجلی بورڈ سے کوئی شکایت نہیں کی تھی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر معاملہ اچھالنے سے پہلے اس حوالے سے کوئی باضابطہ رابطہ نہیں کیا۔

اس معاملے پر ریاستی وزیر وکرمادتیہ سنگھ نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کنگنا رناوت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف وہ بل ادا نہیں کرتیں اور دوسری طرف حکومت پر الزام لگاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ وقت پر اپنے بل ادا کرتیں تو اس معاملے پر انہیں خود ہی وضاحت دینے کی ضرورت نہ پڑتی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts