بلوچستان کے سرکاری اسپتالوں کو ادویہ کی ترسیل کا عمل ڈیجیٹلائز

image

وزیر صحت بلوچستان نے کہا ہے کہ آج سے بلوچستان کے سرکاری اسپتالوں میں ادویہ کی ترسیل کے عمل کو ڈیجیٹلایزیشن سے منسلک کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آغاز ڈیجیٹل اور اے آئی سسٹم کی جانب اہم اور پہلا قدم ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کوئٹہ میں دو روزہ بلوچستان ہیلتھ کئیر سسٹم کے حوالے سے محکمہ صحت کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ منعقدہ مشاورتی سیشن کے اختتامی تقریب سے خطاب میں کیا۔

بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ محکمہ صحت میں اب غفلت، غیر حاضری، کرپشن اور کام نہ کرنے کی کوئی گنجائش نہیں۔ اب سب کو پرفارم کرنا ہوگا کیونکہ ہم سب کو عوام کے ٹیکس سے تنخواہیں اور مراعات مل رہی ہیں۔

انہوں نے مافیاز کے خلاف سختی اور زیرو ٹالیرنس کی پالیسی سے کام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سرکاری اسپتالوں میں علاج کی سہولیات ملنی چاہئیں۔ صوبے میں ہیلتھ کارڈز کی فراہمی، کوئٹہ میں دو سو بیڈ کے جدید ترین ٹراما سینٹر کے عنقریب افتتاح کے علاوہ BINUQ میں کڈنی ٹرانسپلانٹیشن، پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے NICVD اسپتال کی فراہمی، محکمہ صحت میں عشروں سے خالی ہزاروں ملازمین کی میرٹ پر بھرتی کے علاوہ دیگر اہم منصوبے بھی پائپ لائن میں ہیں۔

اس موقع پر صوبے کے تمام اضلاع کےڈی ایچ اوز، اے ایم ایس اور متعلقہ حکام بھی تقریب میں شریک تھے، اس موقع پر مختلف تجاویز اور سوالات جوابات کا سیشن بھی ہوا۔


About the Author:

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts