نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے انٹرپول اور آسٹریلوی پولیس کے تعاون سے بین الاقوامی سطح پر کارروائی کرتے ہوئے چائلڈ ابیوز مواد پھیلانے والے عالمی نیٹ ورک کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان NCCIA کے مطابق خفیہ آپریشنز ''روڈز'' اور ''آئسبرگ'' کے دوران ملزم عاصم محمد قاسم کو لاہور کے علاقے اچھرہ سے گرفتار کیا گیا۔ دورانِ تلاشی، ملزم کے قبضے سے نابالغ بچیوں کے استحصال سے متعلق ویڈیوز اور تصاویر برآمد ہوئیں۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم کے بین الاقوامی روابط برازیل (ساسّی) اور پرتگال (ٹوئنکل) تک قائم تھے۔ حکام کے مطابق یہ نیٹ ورک مختلف آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے غیر قانونی مواد کا تبادلہ کرتا تھا۔
NCCIA نے ملزم کے خلاف PECA 2016 اور سیکشن 377 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ دیگر ملوث افراد کی تلاش کے لیے تحقیقات تیز کر دی گئی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے خلاف کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر ایسے نیٹ ورکس کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔