اسلام آباد پولیس کے ایس پی عدیل اکبر کی مبینہ خودکشی، ’وجہ جاننے کی کوشش جاری ہے‘

image
اسلام آباد پولیس کے ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی ہے۔

وہ آج شام کے وقت اسلام آباد کے سرینہ پوائنٹ پر ڈیوٹی پر مامور تھے جب انہیں ایک فون کال موصول ہوئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ کال سننے کے فوراً بعد انہوں نے اپنی سرکاری پستول سے اپنے سر پر فائر کر لیا۔

ان کی لاش کو فوری طور پر پمز ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ اس وقت پمز ہسپتال میں اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موجود ہیں۔

اردو نیوز کو موصول معلومات کے مطابق ایس پی عدیل اکبر تقریباً ایک ماہ قبل بلوچستان سے اسلام آباد تبادلے پر آئے تھے اور آج وہ خصوصی ڈیوٹی پر سرینہ پوائنٹ پر تعینات تھے۔

ایس پی انڈسٹریل ایریا کچھ دنوں سے ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔ تاہم اسلام آباد پولیس کی جانب سے تاحال واقعے کی وجوہات یا تفصیلات سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بارے میں میڈیا کو کچھ دیر بعد باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

اس وقت اسلام آباد میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ اسلام آباد پولیس، ضلعی انتظامیہ اور راولپنڈی پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موقع پر پہنچ چکے ہیں۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا بیان

ترجمان اسلام آباد پولیس نے ایک مختصر بیان میں کہا ہے کہ ’ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر شاہراہ دستور سے اپنے دفتر کی طرف جا رہے تھے اور راستے میں اپنی ہی گاڑی کے اندر فائر لگنے سے چل بسے۔‘

عدیل اکبر نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کیا (فوٹو: اسلام آباد پولیس)

ایس پی عدیل اکبر کون تھے؟

اسلام آباد پولیس نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ عدیل اکبر پولیس سروس آف (پاکستان پی ایس پی ) کے ایک قابلِ احترام افسر تھے۔ حال ہی میں اسلام آباد پولیس میں انڈسٹریل ایریا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے طور پر شامل ہوئے تھے۔

انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد سے گورننس اور پبلک پالیسی میں ایم فل کی ڈگری حاصل کی۔

انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کیا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں نمایاں خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے کئی پولیس یونٹس کی قیادت کی۔

ان کی مہارت کے شعبے سکیورٹی مینجمنٹ، کمیونٹی پولیسنگ، انسانی حقوق کا تحفظ، انسداد دہشت گردی، انسانی وسائل کا انتظام، پولیس آپریشنز، سکیورٹی تجزیہ اور بحرانوں سے نمٹنے کی صلاحیت پر محیط تھے۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US