آئندہ دنوں میں ملک بھر میں سموگ کی شدید لہر متوقع، محکمہ موسمیات کی وارننگ

image

محکمہ موسمیات پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں سموگ (دھند اور آلودگی کا مرکب) میں خطرناک حد تک اضافہ متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں خصوصاً پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور شمالی سندھ میں سموگ کی شدت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے قومی موسمیاتی پیشگوئی مرکز (National Weather Forecasting Centre) اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے خشک موسم، ہوا میں نمی کی کمی، درجہ حرارت میں فرق اور فضائی آلودگی میں اضافہ سموگ کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق زرعی سرگرمیوں، فصلوں کی باقیات جلانے، ٹریفک کے دھوئیں اور صنعتی فضلے سے پیدا ہونے والا دھواں بھی اس آلودگی کو مزید بڑھا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سموگ کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، بالخصوص بزرگ، بچے اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد خاص احتیاط برتیں۔ شہری ماسک کا استعمال کریں، آنکھوں کو بچانے کے لیے چشمے پہنیں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔

مزید برآں، حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آلودگی پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کریں اور فضائی معیار کو بہتر بنانے کے لیے عوامی آگاہی مہم چلائیں۔ کسانوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ فصلوں کی باقیات جلانے سے اجتناب کریں، کیونکہ یہ عمل سموگ کی شدت میں اضافے کا بڑا سبب بنتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں، بشمول وزارت دفاع، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے، این ایچ اے، موٹر وے پولیس، وزارت صحت، وزارت موسمیاتی تبدیلی اور صوبائی حکومتوں کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہنگامی تیاریوں کی ہدایت دی ہے تاکہ شہریوں کو سموگ سے ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ (www.pmd.gov.pk) اور موبائل ایپ ”PMD Kisan“ کے ذریعے موسمی حالات اور سموگ سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کرتے رہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US