چیف جسٹس آف پاکستان کا کوئٹہ رجسٹری کا دورہ، مقدمات کی سماعت

image

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کوئٹہ پہنچ گئے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کی کوئٹہ رجسٹری میں آج معمول کے مقدمات کی سماعت ہوئی، جہاں عدالتِ عظمیٰ کے دو مختلف بینچوں نے کیسز کی سماعت کی۔ رجسٹری میں مجموعی طور پر 20 مقدمات کو ابتدائی سماعت کے بعد آئندہ تاریخوں تک ملتوی کر دیا گیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس یحییٰ آفریدی، جو حال ہی میں ملک کے اعلیٰ ترین عدالتی منصب پر فائز ہوئے ہیں، نے سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری کا پہلا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر سپریم کورٹ عملے کی جانب سے ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔

رجسٹری میں سماعت کے لیے دو بینچز تشکیل دیے گئے ہیں۔ بینچ نمبر 1 کی سربراہی چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ ان کے ہمراہ جسٹس شکیل احمد بھی بینچ کا حصہ ہیں جبکہ بینچ نمبر 2 میں جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔

دونوں بینچوں نے مختلف نوعیت کے قانونی معاملات پر سماعت کی، جن میں سول، فوجداری اور آئینی نوعیت کے مقدمات شامل تھے۔ بعض کیسز کی سماعت دورانِ دلائل ملتوی کی گئی جبکہ متعدد مقدمات کو مزید سماعت کے لیے بعد کی تاریخوں پر منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں 17 جولائی 2025 تک مقدمات کی سماعت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دورانِ سماعت عدالت نے وکلا کو ہدایت کی کہ وہ مقدمات کی تیاری مکمل رکھیں اور عدالتی وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں۔


About the Author:

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts