مالاکنڈ ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کی ابتدائی رپورٹ صوبائی حکومت کو موصول ہوگئی جس کے مطابق 20 کنال سے زائد زمین پر بنی غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا گیا۔
صوبائی حکومت کو موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق میں دو ہفتوں پر محیط آپریشن کے دوران مالاکنڈ ڈویژن کے مختلف اضلاع سوات، باجوڑ، بونیر، دیر لوئر، دیر اپر اور ضلع مالاکنڈ میں تجاوزات کے خلاف موثر اقدامات کیے گئے۔
آپریشن کے دوران 63عمارتیں گرائی گئیں جبکہ سوات میں ایک عمارت سیل کی گئی۔ 20 کنال سے زائد زمین پر بنی غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا گیا، سوات میں 204 کنال سے زائد رقبے پر قائم تجاوزات کی نشاندہی ہوئی، جن میں سے 79 کنال کو کلیئر کیا جا چکا ہے جبکہ12کلومیٹر سے زیادہ حد بندی مکمل کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق باجوڑ میں 16، بونیر میں 9، دیر لوئر میں 22، دیر اپر میں 11 اور مالاکنڈ میں 4 عمارتیں سیل کی گئیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالاکنڈ ڈویژن بھر میں اب تک 588 کنال سے زائد زمین پر تجاوزات کا انکشاف ہوا، جن میں سے 198 کنال سے زائد زمین واگزار کرالی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 159 کلومیٹر سے زیادہ علاقے کی باقاعدہ حد بندی کی گئی اور 60 سے زائد مقامات پر باڑ لگائی گئی ہے تاکہ دوبارہ تجاوزات نہ ہو سکیں۔
کمشنر مالاکنڈ عابد وزیر نے میڈیا کو بتایا کہ ڈویژن بھر میں انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں 24 گھنٹے فیلڈ میں موجود رہیں گی تاکہ کارروائی کو موثر اور پائیدار بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دریا کے کنارے موجود ہوٹلز کو فوری طور پر باڑ لگانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ ممکنہ خطرات سے بچا جاسکے۔