الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مخصوص نشستوں کی دوبارہ لسٹ جاری کرنے کے بعد 2 نشستوں پر ٹاس میں جمعیت علمائے اسلام اور اے این پی کو ایک ایک نشست مل گئی۔
جمعرات کے روز صوبائی الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا دفتر میں مسلم لیگ(ن) اور جے یو آئی کے درمیان اقلیتی سیٹ پر ٹاس ہونا تھا، مسلم لیگ کے امیدوار گورسرن لال تحریری طور پر جے یوآئی کے امیدوار گورپال سنگھ کے مقابلے میں دستبردار ہوئے جبکہ خواتین کی ایک نشست پر عوامی نیشنل پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے درمیان ٹاس ہوا جو اے این پی نے جیت کر خواتین کی مخصوس نشست اپنے نام کی۔
اے این پی کو خواتین کی دوسری نشست ملنے کے بعد ان کی سیٹوں کی تعداد 4 ہوگئی، اے این پی مخصوص نشست پر پہلے سے خدیجہ چترالی جبکہ دوسری نشست پر سابق ممبر صوبائی اسمبلی شاہدہ وحید منتخب ہوئیں۔