مستونگ میں بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی پر فائرنگ، افسر اور اہلکار شہید، 2 زخمی

image

ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ پر بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں قائم مقام ڈی ایس پی اور ایک اہلکار شہید جبکہ 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے کہا کہ کوئٹہ سے متصل ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ پر چوتو کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے بلوچستان کانسٹیبلری کے افسر کی گاڑی کو نشانہ بنایاگیا۔

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں قائم مقام ڈی ایس پی انسپکٹر عبدالرزاق اور کانسٹیبل رضا محمد جام شہادت نوش کرگئے جبکہ کانسٹیبل تاج محمد اور کانسٹیبل خورشید احمد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

شہداء کی میتوں اور زخمی اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے، سیکورٹی فورسز اور پولیس اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے قلات سے کوئٹہ آنے والے پولیس قافلے کو چوتو کے مقام پر نشانہ بنایا، قافلے میں 2 ٹرک اور 2 پک اپ شامل تھیں۔

ترجمان شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے واقعات امن دشمنوں کی مایوسی کو ظاہر کرتے ہیں، بلوچستان کے عوام اور سیکورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے، حملے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts