وزیراعلیٰ سندھ کا کے فور توسیع کے کام میں تیزی لانے کا حکم

image

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کے فور منصوبے سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد، پروجیکٹ ڈائریکٹر کے فور عثمان معظم اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ کے فور منصوبے کی توسیع کا کام ورلڈ بینک کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے اور ساز و سامان کی خریداری کا عمل بھی جاری ہے۔

اجلاس میں کے فور منصوبے کی تفصیلات پیش کی گئیں جس میں بتایا گیا کہ لوٹ ون میں آبی ذخیرہ ون سے وائی جنکشن تک پانی کی منتقلی ہونی ہے علاوہ ازیں لوٹ ٹو میں پانی کی لائن آبی ذخیرہ ٹو سے سر سید یونیورسٹی تک ،لوٹ تھری میں پانی کی لائن سر سید یونیورسٹی ست گلبائی تک اور لوٹ فور میں پانی کی لائن آبی ذخیرہ تھری سے بنارس تک پانی کی منتقلی کا نظام بنانا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کے فور اور بی آر ٹی کا 2.7 کلومیٹر طویل مشترکہ کوریڈور ہے جس میں پانی کی 96 انچ اور 72 انچ قطر کی پائپ لائنز شامل ہیں۔ عزیز بھٹی پارک اور اردو کالج کے قریب یہ لائن 96 سے 72 انچ کی ہو جائے گی۔ اس مشترکہ راہداری کا ٹھیکہ دیا جا چکا ہے اور وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ یہ کام ستمبر میں شروع کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے چیئرمین پی اینڈ ڈی کو ہدایت دی کہ توسیعی منصوبے کے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے جبکہ آبی ذخیرہ ون اور ٹو پر بھی جلد از جلد کام مکمل کیا جائے ان دونوں ذخائر کی مجموعی لمبائی 24 کلومیٹر ہے۔

مراد علی شاہ نے منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کے فور توسیعی منصوبہ کراچی کے پانی کے مسائل کے حل کے لیے کلیدی ہے اور تمام لوٹس میں کام معیاری ہونا چاہئے۔ انہوں نے میئر کراچی کو منصوبے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی دی۔

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow