کراچی: بزنس رجسٹریشن کا نیا دور ، ایس بوس پورٹل کا آغاز

image

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں کاروبار کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے لیے متعارف کردہ جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ (ایس بوس) کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ آج کا دن سندھ کی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ اقدام صوبے میں بزنس میں آسانی کے نئے باب کا آغاز ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ایس بوس صرف ایک سسٹم نہیں بلکہ ڈیجیٹل گورننس میں ایک انقلابی قدم ہے۔ یہ پلیٹ فارم پیپرلیس، شفاف اور تیز تر بزنس رجسٹریشن کو یقینی بنائے گا۔پہلے مرحلے میں 32 ای-لائسنسنگ سروسز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 9 محکمے ایس بوس کے ساتھ مربوط ہو چکے ہیں۔ دسمبر تک یہ نظام 16 محکموں اور 130 سے زائد خدمات پر محیط ہوگا۔ایس بوس کو نادرا، ایس ای سی پی، ون لنک اور پی ایم ڈی سے جوڑا جا رہا ہے تاکہ شناخت، ادائیگی اور تصدیق کے مراحل خودکار اور محفوظ بن سکیں اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے استعمال سے جعلسازی اور دھوکہ دہی کا خاتمہ ممکن ہوگا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں ریگولیٹری نظام کو آسان اور ڈیجیٹل بنا دیا گیا ہے جو صوبے کو دیگر اکائیوں پر برتری فراہم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ "ایز آف ڈوئنگ بزنس" کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان 147 ویں نمبر سے 108 ویں نمبر پر آ چکا ہے اور یہ پیشرفت سندھ حکومت کے اقدامات کا نتیجہ ہے۔

وزیراعلیٰ نے سرمایہ کاروں کو ایس بوس میں شراکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم نجی شعبے کے لیے قابل اعتماد، منصفانہ اور آسان رسائی کا ضامن ہے۔ انہوں نے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹرز اور 24/7 ہیلپ ڈیسک کے قیام کا بھی اعلان کیا۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ بعض محکموں کے قوانین میں ترامیم کی ضرورت ہے جنہیں آئندہ ہفتے سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا تاکہ ایس بوس کو مکمل طور پر فعال کیا جا سکے۔

انہوں نے عالمی بینک، انویسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا وژن ترقی، شفافیت اور جدیدیت پر مبنی ہے اور صنعتی ترقی کو فروغ دے کر ملک میں خوشحالی لانے کا عزم رکھتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US