سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے قلات میں کامیاب آپریشن کر کے فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے19 جولائی اور 21 جولائی کو کیے گئے 2 آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور فائرنگ کے تبادلے میں مجموعی طور پر 8دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید کلیئرنس اور سرچ آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
بلوچستان میں دشمن کے ایجنٹوں کے خلاف جاری کارروائیاں اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ ملک کا ہر انچ دشمن عناصر کے ناپاک عزائم سے محفوظ رکھا جائے گا۔