خیبر پختونخوا حکومت نے مالی سال 2025-26 کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 36 ارب61 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کے ترقیاتی فنڈز جاری کردیے ہیں۔
ترقیاتی فنڈز تین مدوں میں جاری کیے گئے ہیں جن میں بندوبستی اضلاع، قبائلی اضلاع ترقیاتی پروگرام اور تیز رفتار ترقیاتی پروگرام شامل ہیں۔
محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی جانب سے مالی سال 2025-26 کے ترقیاتی فنڈ کی پہلی قسط جاری کردی گئی ہے، صوبائی حکومت نے بندوبستی اضلاع کے لیے 25 ارب 83 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کیے ہیں، ضم اضلاع کے ترقیاتی فنڈز میں 3 ارب 53 کروڑ 90 لاکھ روپے صوبائی حکومت نے جاری کردیے ہیں۔ محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کی جانب سے ضم اضلاع میں تیز رفتار ترقیاتی پروگرام کے تحت 7 ارب 25 کروڑ روپے سے زائد جاری کیے گئے ہیں۔
صوبائی حکومت نے ترقیاتی فنڈز کے اجراء کی پالیسی کے تحت فنڈز محکموں کو جاری کردیے ہیں جبکہ تمام محکموں کو ترقیاتی فنڈز کے استعمال کی پالیسی بھی فراہم کردی گئی ہے۔
مشیر خزانہ مزمل اسلم کے مطابق ترقیاتی فنڈز جلد جاری کرنے میں خیبر پختونخوا تمام صوبوں اور وفاق پر سبقت لے گیا، مالی سال کے دوسرے ہفتے میں ہی ترقیاتی فنڈز کے 20 فیصدجاری کردیے گئے ہیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام شروع کیا جاسکے۔