کراچی میں عوامی ریلیف، 25 ٹاؤنز میں پارکنگ فیس ختم

image

حکومت سندھ نے شہریوں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے کراچی کے 25 ٹاؤنز میں سڑکوں پر چارجڈ پارکنگ فیس کے مکمل خاتمے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اب شہر کی تمام مرکزی و ذیلی سڑکوں پر پارکنگ مکمل طور پر مفت ہوگی اور کوئی ادارہ شہریوں سے پارکنگ کی مد میں رقم وصول نہیں کر سکے گا۔

یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایات پر محکمہ بلدیات کی جانب سے کیا گیا ہے جس کا مقصد شہریوں پر مالی بوجھ کم کرنا اور غیر قانونی پارکنگ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔

پارکنگ فیس اب صرف مخصوص پلازہ، پلاٹس یا کونسلز کے مختص کردہ علاقوں میں ہی قانونی طور پر وصول کی جا سکے گی۔تمام ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر پارکنگ فیس کے خاتمے پر عملدرآمد کریں۔

محکمہ بلدیات نے باضابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے تاکہ شہریوں کو مفت پارکنگ کی سہولت ہر علاقے میں دستیاب ہو۔علاوہ ازیں شہریوں سے غیر قانونی پارکنگ فیس لینے والے عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ بلدیات کے مطابق شہر کی مرکزی 46 سڑکوں پر پہلے ہی مفت پارکنگ کی سہولت دی جا چکی ہے اور اب اس پالیسی کو باقی تمام علاقوں تک توسیع دی جا رہی ہے۔

میئر کراچی نے اس فیصلے کو عوامی مفاد میں اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کے ایم سی مالی طور پر مستحکم ہے اور شہریوں کو مفت پارکنگ سہولت دینا اولین ترجیح ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow