گھوٹکی: ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت قتل کیس، سابق شوہر سمیت 2 افراد گرفتار

image

گھوٹکی کے علاقے بگو واہ میں سوشل میڈیا پر سرگرم ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت کی پراسرار موت نے عوامی اور سوشل میڈیا حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ مقتولہ کی لاش گزشتہ روز ان کے گھر سے برآمد ہوئی جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی شواہد اور ورثاء کے بیانات کی روشنی میں سمیرا راجپوت کے سابق شوہر علی رضا مغل اور عمران نامی نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مقتولہ کی بیٹی اور بھائی نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزمان نے سمیرا کو زہر دے کر قتل کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کو زبردستی گولیاں ملا مشروب پلایا گیا جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔

سمیرا راجپوت کی بیٹی نے مقدمہ اے سیکشن تھانے میں درج کراتے ہوئے کہا کہ ملزمان نے ان کی والدہ پر جبری شادی کے لیے دباؤ ڈالا گیا تھا اور انکار پر انہیں قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق سمیرا نے تین سال قبل علی رضا سے طلاق لے لی تھی اور مقتولہ کی جانب سے ماضی میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں بھی خطرات کا اظہار کیا گیا تھا۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے جس کے بعد واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب واقعے پر صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں سندھ شاہینہ شیر علی اور سندھ حکومت کے ترجمان سکھدیو ہیمنانی نے سخت نوٹس لیا ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ مکمل تحقیقات کر کے مجرموں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ خواتین پر تشدد، جبری شادی اور قتل جیسے جرائم پر حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، اور متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی مدد فراہم کی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow