مینگرووز کے تحفظ کا عالمی دن: پاکستان کوسٹ گارڈز کی شاندار ماحول دوست کاوشیں

image

پاکستان کوسٹ گارڈز نے 26 جولائی کو منائے جانے والے مینگرووز ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر مینگرووز کی اہمیت اجاگر کرنے اور ان کے تحفظ کو فروغ دینے کے لیے اپنی سرگرمیوں کا بھرپور انداز میں مظاہرہ کیا۔

یاد رہے کہ مینگرووز کا عالمی دن یونیسکو نے 2015 میں قائم کیا تھا جس کا مقصد مینگرووز جیسے نایاب اور اہم ماحولیاتی نظام سے متعلق بیداری پیدا کرنا، ان کے پائیدار استعمال اور تحفظ کو فروغ دینا ہے۔ یہ ماحولیاتی نظام ساحلی پٹیوں کو کٹاؤ، طوفانوں اور سونامیوں سے بچانے کے ساتھ ساتھ مچھلیوں اور دیگر سمندری حیات کے لیے محفوظ پناہ گاہ اور کاربن جذب کرنے کا اہم ذریعہ بھی فراہم کرتے ہیں۔

پاکستان کوسٹ گارڈز جو ملک کی ساحلی پٹی کی حفاظت پر مامور ہے اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کر رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل جواد ریاض کی ہدایات پر رواں سال بلوچستان کے علاقے جیوانی میں اسکول کے بچوں اور مقامی آبادی کے تعاون سے بڑے پیمانے پر مینگرووز کی شجرکاری کی گئی۔

یہ سرگرمیاں نہ صرف ساحلی ماحول کے تحفظ میں مدد فراہم کرتی ہیں بلکہ مقامی آبادیوں میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ پاکستان کوسٹ گارڈز نے اعادہ کیا ہے کہ مستقبل میں بھی مینگرووز اور ساحلی ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

مینگرووز کے تحفظ کے لیے یہ عملی اقدامات نہ صرف ملکی سطح پر ایک مثال ہیں بلکہ اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی اہداف کی تکمیل میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow