پاکستان کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے والا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جس کے نتیجے میں آج سے جمعرات تک متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کئی مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔
بلوچستان میں بھی آج رات سے 31 جولائی تک کہیں کہیں موسلا دھار بارش متوقع ہے جبکہ سندھ میں بدھ اور جمعرات کو بارش کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی، سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔این ڈی ایم اے نے صورت حال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مون سون کا پانچواں سلسلہ آج شام سے شروع ہوگا اور 31 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں کے قریب نہ جائیں اور کسی بھی ہنگامی صورت میں متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کریں۔