ہیپاٹائٹس کا عالمی دن: حکومت کا ایک کروڑ 65 لاکھ افراد کی اسکریننگ کا اعلان

image

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ہیپاٹائٹس کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کے نام الگ الگ پیغامات جاری کیے، جن میں اس موذی مرض سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور مفت علاج کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہیپاٹائٹس ایک عالمی چیلنج بن چکا ہے اور پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں ہیپاٹائٹس بی اور سی کی شرح تشویشناک حد تک بلند ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت 2030 تک ایک کروڑ 65 لاکھ افراد کی اسکریننگ کرے گی اور مثبت کیسز کا مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے ایک قومی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے جس میں آگاہی، بروقت تشخیص اور مؤثر علاج پر توجہ دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم عالمی برادری کے ساتھ مل کر اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ہیپاٹائٹس پاکستان میں صحت عامہ کا ایک سنگین مسئلہ ہے اور اسے بجا طور پر خاموش قاتل کہا جاتا ہے کیونکہ یہ اکثر اس وقت ظاہر ہوتا ہے جب جگر کو شدید نقصان پہنچ چکا ہوتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بروقت اسکریننگ اور علاج کی سہولیات تک رسائی کو یقینی بنایا جائے اور طبی ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔

صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ غیر مؤثر طبی سہولیات اور آگاہی کی کمی کی وجہ سے لاکھوں افراد اس مرض کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شعور اجاگر کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے اور منظم قومی حکمت عملی کے تحت ہی اس مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow