کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے چینی کی نئی سرکاری قیمت مقرر کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہول سیل قیمت 170 روپے فی کلو جبکہ ریٹیل قیمت 173 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
کمشنر کراچی کی جانب سے جاری اعلامیے میں تمام ہول سیلرز، ریٹیلرز، اور ڈپارٹمنٹل اسٹورز کو نئی قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔ ساتھ ہی خبردار کیا گیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
فروخت کنندگان کے لیے ہدایات دی گئی ہیں کہ نئی قیمتوں کو نمایاں طور پر آویزاں کرنا لازم ہوگا اور صارفین کو سرکاری نرخ پر ہی چینی کی فروخت یقینی بنائی جائے۔
علاوہ ازیں پرائس کنٹرول ٹیمیں بازاروں میں نگرانی کریں گی خلاف ورزی پر جرمانے اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے تمام تاجروں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی قسم کی چینی کی ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری برداشت نہیں کی جائے گی۔