اپوزیشن لیڈر کا وادی تیراہ میں نہتے مظاہرین پر فائرنگ کی انکوائری کا مطالبہ

image

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں شہریوں پر فائرنگ کے واقعے پر افسوس ہے جس کی مذمت کرتے ہیں، نہتے عوام پر فائرنگ کس نے کی انکوائری کی جائے، عوام پر فائرنگ کا رد عمل انتہائی خراب ہوسکتا ہے۔

پشاور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں الزام عائد کیا کہ ملک میں چینی کی ذخیرہ اندوزی کی جارہی ہے، چینی اسکینڈل میں شریف اور زرداری فیملی ملوث ہیں، جنہوں نے اسکینڈل میں اربوں روپے کمائے۔ حکومت نے پہلے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کی، اس کے بعد 5 لاکھ ٹن چینی برآمد کی، ملک میں مہنگائی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، ڈیڑھ ہزار روپے والا بجلی کا بل 15 ہزار روپے تک جا پہنچا ہے، پیٹرول، گیس اور دیگر اشیا مہنگی ہیں۔

عمر ایوب نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ جیل میں برا سلوک کیا جارہا ہے، ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں شہریوں پر فائرنگ کے واقعے پر افسوس ہے اور مذمت کرتے ہیں، نہتے عوام پر فائرنگ کس نے کی انکوائری کی جائے، عوام پر فائرنگ کا رد عمل انتہائی خراب ہوسکتا ہے، آل پارٹیز کانفرنس میں آپریشن کی مخالفت کی گئی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ 5 اگست کو پر امن احتجاج ہوگا، احتجاج کے لیے تیاریاں مکمل ہیں، محسن نقوی 450 ارب روپے کی گندم کا حساب دیں، رانا ثناء اللہ اینٹی نارکوٹکس فورس سے یا تو معافی منگوائے یا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) اے این ایف سے ثبوت مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ خود پر منشیات کیس پر پہلے پوچھ لیں، پھر بات کریں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نگراں دور حکومت میں 450 ارب روپے کی گندم درآمد کرنے کے کیس میں ملوث ہیں، اس کے خلاف نیب کا کیس بنتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US