صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مون سون بارشوں کے باعث ممکنہ نقصانات اور خطرات سے بچاؤکے پیش نظر محکمہ سیاحت کو پیشگی آگاہی سے متعلق اقدامات کے لیے مراسلہ ارسال کردیا۔
مراسلہ میں محکمہ سیاحت کو سیاحتی مقامات پر مون سون میں موسم کی پیش گوئیوں سے عوام کو بروقت آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام سیاح، ٹور گائیڈز اور مقامی آبادی کو بارشوں اور ممکنہ خطرات سے متعلق پیشگی آگاہی فراہم کی جائے۔
سیاحوں کو موسمی صورتحال اور دوران بارش سفر سے متعلق خبرداری اور احتیاطی تدابیر سے متعلق معلومات سائن بورڈ، مقامی انتظامیہ اور سوشل اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے فراہم کی جائیں۔
اداروں کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزیز اور ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ٹور گائیڈز خطرناک اور حساس علاقوں کی طرف سیاحوں کو لے جانے سے گریز کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں امدادی اداروں سے فوری رابطے کو یقینی بنایا جائے۔