محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم جزوی ابر آلود اور مرطوب رہے گا جبکہ بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے، جس میں صوبائی دارالحکومت پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان اور صوابی میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
صوبہ کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور کوہستان میں بھی بارش متوقع ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے باجوڑ، خیبر، کرم، مہمند، شمالی اور جنوبی وزیرستان کے علاقوں میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے۔
یاد رہے کہ مون سون کے جاری سپیل کے دوران گزشتہ روز کوہاٹ میں تین ملی میٹر اور بالاکوٹ میں دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، صوبے کے بالائی اضلاع مانسہرہ، کوہستان، ہری پور، کرک، شانگلہ، سوات، دیر اور ملاکنڈ میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔اس دوران لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
آج پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔