کراچی کے علاقے سولجر بازار کے فلیٹ سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملنے کے معاملے کا ڈراپ سین ہوگیا مقتولہ کا قاتل اس کا شوہر ہی نکلا۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم قمر عابدی نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے بیوی کو قتل کرنے سے پہلے اپنی بیٹی کو نشہ آور دوا پلا کر سلا دیا تھا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اہلیہ پر شک کرتا تھا اور آفس جانے سےپہلے گھر کو تالا لگا کرجاتا تھا لیکن واردات والے دن گھر کو تالا نہیں لگایا گیا اور قتل کے بعد وہ کام پر چلا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سولجر بازار کے فلیٹ سے خاتون کی لاش ملی تھی۔ واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی عاصم کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتولہ کی 15 سال پہلے پسند کی شادی ہوئی تھی لیکن ایک سال سے شوہر قمر عابدی اسے تشدد کا نشانہ بنا رہا تھا۔
عاصم نے پولیس کو بیان بھی دیا کہ اس کی بہن نے بتایا تھا کہ شوہر گھر کا خرچہ نہیں دیتا اور نشہ کرتا ہےوہ سلائی کرتی تھی جس کے پیسے بھی ملزم چھین لیتا تھا۔مقتولہ کے بھائی کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بہن کو اپنے پاس لے آئے تھے اور والدہ نے اسے واپس جانے سے بھی روکا تھا لیکن چند ماہ قبل قمر عابدی اسے زبردستی واپس لے گیا اور اب قتل کی اطلاع بھی اسی نے فون پر دی۔