محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا اور ذیلی اداروں کے زیر استعمال گاڑیوں کی تفصیلات طلب

image

صوبائی وزیر تعلیم خیبر پختونخوا نے محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا اور ذیلی اداروں کے زیر استعمال گاڑیوں کی تمام تر تفصیلات طلب کرلیں۔

اس سلسلے میں صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے سیکریٹری ایجوکیشن کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جن اہلکاروں کے نام گاڑیاں الاٹ کی گئی ہیں ان کی مکمل تفصیلات بمع دورانیہ فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جن اہلکاروں کی گاڑیوں کے استعمال کی اہلیت نہیں ان سے گاڑیاں فوری طور پر واپس لی جائیں اور محکمہ تعلیم کے زیر استعمال تمام گاڑیوں کی لسٹ بمعہ پیٹرول اور مرمت کے اخراجات کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

صوبائی وزیر تعلیم نے محکمہ تعلیم کی گاڑیوں کی تفصیلات کے علاوہ پارٹنرز کی طرف سے دی جانے والی گاڑیوں اور پراجیکٹ گاڑیوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم بشمول ذیلی اداروں کی گاڑیوں کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل شروع کیا جا چکا ہے اگر کسی ادارے نے تفصیلات کی فراہمی میں غلط بیانی کی ہے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی گاڑیاں جو دوسرے محکموں یا افسران کے زیر استعمال ہیں وہ فوری طور پر واپس لی جائیں اور جن افسر ان کا محکمہ تعلیم یا ان کے ذیلی اداروں سے تبادلہ ہوا ہے اور گاڑیاں ابھی بھی ان کے زیر استعمال ہیں ان سے وہ فوراً واپس لی جائیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US