یورپی ملک لیٹویا میں مردوں کی شدید کمی کے باعث خواتین اپنے روزمرہ کے گھریلو کاموں کے لیے کرائے پر مرد حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ امریکی جریدے نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ملک میں خواتین کی تعداد مردوں سے 15.5 فیصد زیادہ ہے، جبکہ 65 سال سے زائد عمر کے افراد میں خواتین کی تعداد مردوں کے تقریباً دوگنا ہے۔
ماہرین کے مطابق صنفی عدم توازن کی بنیادی وجہ مردوں کی کم متوقع عمر، زیادہ تمباکو نوشی اور طرزِ زندگی سے وابستہ صحت کے مسائل ہیں۔ ملک میں 31 فیصد مرد سگریٹ نوشی کرتے ہیں جبکہ خواتین میں یہ شرح صرف 10 فیصد ہے، اس کے علاوہ مردوں میں موٹاپے کی شرح بھی زیادہ ہے۔
اس کمی کے باعث خواتین مختلف خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں سے کرائے کے شوہر حاصل کر رہی ہیں جو پلمبنگ، کارپینٹری، مرمت، ٹی وی انسٹالیشن، پینٹنگ اور پردے لگانے جیسے کام انجام دیتے ہیں۔ صارفین آن لائن یا فون کے ذریعے ایک گھنٹے کے لیے شوہر بُک کر سکتے ہیں۔
لیٹویا میں یہ رجحان خواتین کو گھریلو مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی میل جول میں بھی آسانی پیدا کر رہا ہے۔ اس طرح کے کرائے کے شوہر کی خدمات یورپ کے دیگر ممالک، جیسے برطانیہ میں بھی 2022 سے دستیاب ہیں جہاں گھریلو کام کے لیے مردوں کو گھنٹے یا دن کے حساب سے کرائے پر فراہم کیا جاتا ہے۔