حکومت بلوچستان اور پاکستان ریلویز کچلاک اور سریاب کے درمیان پیپلز ٹرین سروس شروع کرنے پر متفق

image

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور گرد و نواح کے عوام کو سستی، باعزت اور تیز رفتار سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت بلوچستان اور پاکستان ریلویز کے درمیان پیپلز ٹرین سروس کے آغاز پر باقاعدہ اتفاق ہوگیا ہے۔

اس سلسلے میں جمعرت کو وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا جس میں متعلقہ حکام نے شرکت کی اور منصوبے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سریاب سے کچلاک تک پیپلز ٹرین سروس کو آئندہ چھ ماہ کے اندر قابل عمل بنایا جائے گا، اجلاس میں بتایا گیا کہ اس روٹ پر ابتدائی مشاورت اور فنی و تکنیکی جائزے مکمل ہوچکے ہیں اور اب منصوبے کے عملی مراحل کا آغاز کیا جا رہا ہے، حکومت بلوچستان نے فیصلہ کیا ہے کہ انجن اور بوگیوں کی خریداری پاکستان ریلویز سے کی جائے گی تاکہ منصوبے کو قومی اداروں کے تعاون سے جلد اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جاسکے۔

اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا جنہوں نے حکومت بلوچستان کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ریلویز چھ ماہ کے اندر مطلوبہ انجن، بوگیاں اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرے گا۔

وفاقی وزیر ریلوے نے یہ بھی واضح کیا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان ریلویز کی اولین ترجیح ہے اور ادارہ دستیاب انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ جلد شروع کرے گا تاکہ مجوزہ پیپلز ٹرین سروس کی روانی، سہولت اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز ٹرین سروس نہ صرف عوام کو معیاری اور محفوظ سفری سہولت فراہم کرے گی بلکہ یہ منصوبہ بلوچستان میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا ،انہوں نے کہا کہ سریاب تا کچلاک ریلوے سروس سے مقامی آبادی کو روزگار، کاروبار اور سفر میں بے پناہ آسانی حاصل ہوگی۔

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ اس منصوبے کے تمام مراحل کی وہ ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں اور کسی قسم کی تاخیر یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی ہماری حکومت کا عزم ہے کہ عوام کو وہ سہولیات مہیا کی جائیں جن کا وہ برسوں سے انتظار کر رہے ہیں اجلاس میں پیپلز ٹرین سروس کے ٹریک، اسٹیشنز، سیکورٹی، ٹکٹنگ نظام، آپریشنل ماڈل اور مالی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں شریک اعلیٰ حکام نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ وہ اس منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے تمام وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے، اجلاس میں پارلیمانی سیکریٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان میر لیاقت علی لہڑی، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات زاہد سلیم، پرنسپل سیکریٹری بابر خان، سیکریٹری خزانہ عمران زرکون، سیکریٹری ٹرانسپورٹ حیات خان کاکڑ، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلویز کوئٹہ عمران خان، ایڈیشنل سیکریٹری چیف منسٹر سیکریٹریٹ محمد فریدون خان سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US