کراچی میں ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی جاں بحق، باپ زخمی ! شہریوں نے 7 ڈمپر نذرِ آتش کردیے

image

کراچی میں ایف بی ایریا لکی ون مال کے قریب ٹوٹل پارکو پمپ کے سامنے پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں ڈمپر کی ٹکر سے ایک بھائی اور بہن موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ والد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 22 سالہ ماہ نور دختر شاکر اور 14 سالہ احمد رضا ولد شاکر شامل ہیں، جبکہ 47 سالہ شاکر ولد صلاح الدین شدید زخمی ہیں۔

حادثے کے بعد علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور غم و غصے کے عالم میں چار ڈمپرز کو آگ لگا دی، جب کہ ایک ڈرائیور کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کیں، تاہم بعد ازاں نذر آتش کیے گئے ڈمپرز کی تعداد بڑھ کر سات ہوگئی۔ راشد منہاس روڈ اور لکی ون مال کے اطراف دونوں سڑکوں پر ڈمپرز کو آگ لگانے کے واقعات پیش آئے، جس سے علاقے میں کشیدگی کی فضا برقرار رہی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US