کراچی ایک بار پھر بارش کے لیے تیار ہو جائے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 18 سے 23 اگست کے درمیان شہر میں ایک سے دو اچھے اسپیل برس سکتے ہیں، جن سے مجموعی طور پر معتدل بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق مون سون کا تازہ سسٹم 17 اگست کی رات گجرات کے راستے سندھ میں داخل ہو گا اور اس کے اثرات پورے صوبے میں محسوس کیے جائیں گے۔ اس دوران کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ بعض مقامات پر تیز برسات کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس دوران موسم کی تازہ ترین پیش گوئی پر نظر رکھیں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے محفوظ رہا جا سکے۔