راولپنڈی میں تنور ٹھنڈے پڑنے کو تیار! نان بائیوں نے ہڑتال کا اعلان کر دیا

image

آل پاکستان نانبائی ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ کے مبینہ انتقامی اقدامات اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف 28 اکتوبر کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

ایسوسی ایشن کے مطابق انتظامیہ نے گزشتہ چند روز کے دوران 25 سے زائد نانبائیوں کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کر لیا ہے جبکہ متعدد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جا چکے ہیں۔ نانبائیوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ طاقت کے زور پر روٹی کی قیمت نہیں بڑھنے دے رہی حالانکہ 80 کلو آٹے کی بوری 10 ہزار 500 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

ترجمان نانبائی ایسوسی ایشن نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ میں آٹا، میدہ اور فائن آٹے کی قیمتیں دگنی ہو چکی ہیں، مگر حکومت کی جانب سے نانبائیوں کو کسی قسم کی سبسڈی فراہم نہیں کی جا رہی۔ان کا کہنا تھا کہ جب آٹا مہنگا ہوگا تو روٹی سستی کیسے رکھی جا سکتی ہے؟

ایسوسی ایشن کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تندور سیل کرنے کی کارروائیاں جاری ہیں جس سے درجنوں مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اگر آٹے کی قیمتوں میں کمی نہ کی گئی تو روٹی کے نرخ بڑھانا ناگزیر ہوگا۔

نانبائی ایسوسی ایشن نے اعلان کیا کہ 28 اکتوبر کو راولپنڈی بھر میں تمام تندور بند رکھے جائیں گے اور ضلعی انتظامیہ کے رویے کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US