کلاؤڈ برسٹ کیا ہے؟ یہ کیوں ہوتا ہے؟ بادل کیوں پھٹتے ہیں؟

image

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع صوابی،بونیر، مانسہرہ، سوات، شانگلہ، بٹگرام اور باجوڑ حالیہ دنوں میں کلاؤڈ برسٹ (بادل پھٹنے) کے باعث آنے والے تباہ کن سیلاب کی لپیٹ میں آ گئے۔ اس قدرتی آفت نے گاؤں کے گاؤں اجاڑ دیے اور اب تک سیکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

کلاؤڈ برسٹ ایک غیر معمولی موسمی مظہر ہے جس میں گھنٹوں یا دنوں میں برسنے والی بارش محض چند منٹوں میں ایک ہی مقام پر شدید شدت کے ساتھ برس جاتی ہے۔ اس اچانک اور غیر متوقع برسات کے باعث ندی نالے بپھر جاتے ہیں اور پہاڑوں سے پانی تیز رفتار ریلوں کی صورت میں نیچے آتا ہے لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات ہوتے ہیں اور بستیاں صفحہ ہستی سے مٹ جاتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق کلاؤڈ برسٹ عام طور پر پہاڑی علاقوں میں ہوتا ہے جہاں گرم اور مرطوب ہوائیں پہاڑوں سے ٹکرا کر اوپر اٹھتی ہیں اور ٹھنڈی ہواؤں سے مل کر بادل بناتی ہیں۔ جب بادلوں میں نمی کا دباؤ حد سے بڑھ جائے تو وہ اچانک پھٹ پڑتے ہیں اور چند منٹوں میں شدید بارش زمین پر برسنے لگتی ہے۔ ایک گھنٹے میں 200 ملی میٹر یا اس سے زیادہ بارش کلاؤڈ برسٹ کہلاتی ہے۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق ماحولیاتی تبدیلی، درجہ حرارت میں اضافہ اور جنگلات کی کٹائی ان غیر معمولی بارشوں کی بڑی وجوہات ہیں۔ ایک ڈگری سیلسیئس بڑھنے سے ہوا میں نمی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 7 فیصد تک بڑھ جاتی ہے جس سے کلاؤڈ برسٹ جیسے شدید موسمی واقعات کے امکانات میں اضافہ ہوتا ہے۔

جدید ٹیکنالوجی کے باوجود کلاؤڈ برسٹ کی پیش گوئی تقریباً ناممکن ہے کیونکہ یہ ایک محدود علاقے میں اور مختصر وقت میں رونما ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق بارش کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے لیکن یہ طے کرنا کہ کہاں اور کب کلاؤڈ برسٹ ہو گا ابھی تک ممکن نہیں۔

قدرتی راستوں میں رکاوٹ ڈالنے، ندی نالوں اور پہاڑی گزرگاہوں پر تعمیرات کرنے سے تباہی کی شدت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ ماہرین نے تجویز دی ہے کہ ندی نالوں کے قریب تعمیرات پر پابندی لگائی جائے۔ڈرینیج سسٹم کو بہتر بنایا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ جنگلات کی بحالی کو یقینی بنایا جائے تو نقصانات سے بچا جا سکتا ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث کلاؤڈ برسٹ کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ اگر بروقت اور سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں اس طرح کے واقعات مزید جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US