گلشن حدید میں ایک حیران کن چوری کی واردات نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کردیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ فیز ٹو کے ایک گھر میں پیش آیا، جہاں نامعلوم ملزمان قیمتی سامان چرا کر فرار ہوگئے۔
اہم بات یہ ہے کہ واردات کے دوران چوروں نے گھر کی دیواروں اور ڈریسنگ ٹیبل پر سرخ رنگ سے کارٹون اور عجیب و غریب نقش و نگار بھی بنائے۔ اس کے ساتھ ساتھ خواتین اور بچوں کی تصاویر پر سرخ نشان لگائے گئے، جس سے متاثرہ خاندان میں خوف و ہراس مزید بڑھ گیا۔
چوری ہونے والی اشیاء میں لاکھوں روپے مالیت کے کپڑے، مصنوعی زیورات، موبائل فون اور ایک اسمارٹ واچ شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعے کے بعد اہلِ خانہ شدید ذہنی دباؤ اور خوف کا شکار ہیں۔
متاثرہ فیملی نے اس حوالے سے اسٹیل ٹاؤن تھانے میں درخواست جمع کرا دی ہے جبکہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔