خیبر پختونخوا میں گلیشئر پھٹنے کا خدشہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

image

خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں اور بادل پھٹنے کے بعد اب گلیشئر پھٹنے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے چترال، دیر، سوات اور کوہستان کے شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ چند روز تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ تیز اور مسلسل بارشوں کے باعث گلیشیائی علاقوں میں جھیلیں پھٹنے کے واقعات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ خاص طور پر چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، دیر لوئر، سوات اور کوہستان اپر کے عوام کو خبردار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی نگرانی، بروقت وارننگ اور شہریوں کے انخلا کی مشقیں یقینی بنانے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ عوام کو ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت اور گاڑیاں تیز بہاؤ والے پانی میں لے جانے سے گریز کی تاکید کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ متاثرہ علاقوں میں انخلا کے مقامات تیار رکھے گئے ہیں اور ہنگامی سامان اور ریسکیو سروسز کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے اور سیاحوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں سڑکوں کی بروقت بحالی کے لیے این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US